مردان(مہم نیوز)پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور آزمودہ دوستی مسلمہ ہے۔ دونوں ممالک باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور علاقائی و عالمی امور پر قریبی تعاون پر مبنی مضبوط اور مثالی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایم سی سی آئی) میں منعقدہ کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا گیا۔
تقریب میں سینئر تاجر رہنما اور سابق صدر ظاہر شاہ، چیمبر کے سینئر نائب صدر حاجی سربلند خان، نائب صدر مراد علی، ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان، تاجروں، صنعت کاروں اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ظاہر شاہ، حاجی سربلند خان، مراد علی، سابق ڈائریکٹر اطلاعات شمس الحق، سینئر صحافی ہدایت ہوتی اور وقار باچا نے چینی عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کی۔
مقررین نے پاکستان اور چین کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی اب ایک وسیع البنیاد شراکت داری میں تبدیل ہو چکی ہے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے علاقائی اور عالمی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، بالخصوص تجارت، صنعت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں مزید پیش رفت ہوگی۔
مقررین نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی کاروباری برادریاں باہمی تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور صنعتی تعاون کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
انہوں نے چینی عوام کو قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے چین کی مسلسل ترقی، خوشحالی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر چین کے قومی دن کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔

