پختونوں پر دہشتگردی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلط کی گئی،ایک بار پھر پختونوں کا خون بہہ رہا ہے,وزیراعلیٰ سہیل آفریدی
صوابی پہنچ کر لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان ہوگا، سہیل آفریدی
پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پر مسلط کی گئی دہشت گردی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کی گئی، ایک بار پھر پختونوں کا خون بہہ رہا ہے، لوگ بے گھر اور کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی ملک کو موجودہ دلدل سے نکال سکتے اور اداروں کی عزت و وقار بحال کرا سکتے ہیں۔
کرک کے جیل چوک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی، ملٹری آپریشنز اور ڈرون حملوں کے باعث بے گناہ شہری، پولیس اہلکار اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور صوبائی حکومت کو غلط پالیسیوں کا حصہ بننے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔
سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں غلط پالیسیوں کے باعث تقسیم اور تعصب کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہر اس پالیسی کی مخالفت کریں گے جو عوام کے مفاد میں نہ ہو اور عوام کے جمہوری مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے بقول عمران خان جیل میں دلیری سے وقت گزار رہے ہیں اور حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کا خاندان ملک اور آنے والی نسلوں کے لیے قربانیاں دے رہا ہے۔
سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے شرکاء اور عوام سے اپیل کی کہ پاکستان کے کونے کونے سے صوابی پہنچیں، جہاں سے آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ کوہاٹ کی تحصیل لاچی پہنچے، جہاں انہوں نے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 اکتوبر کو کوہاٹ سے پشاور کی جانب سفر شروع ہوگا۔
انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ طویل جدوجہد کے پیش نظر خود کو تھکانے کے بجائے منظم انداز میں آگے بڑھیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے بقول خیبرپختونخوا کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور لانگ مارچ کا مقصد اپنے سیاسی و جمہوری مطالبات کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔

