برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس واکر کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات۔
برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانیہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی قیادت میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ عسکری تعلقات مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔


