چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 24 سے 28 نومبر تک مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگی
چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 24 نومبر سے اسلام آباد میں ہوگی۔
اسلام آباد، 23 نومبر 2026ء: چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026ء 24 سے 28 نومبر تک مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں 8 ممالک کے 24 کھلاڑی حصہ لیں گے۔
پی اے ایف پریس ریلیز کے مطابق چیمپئن شپ میں پاکستان کے 8 جبکہ مصر، ملائیشیا، فرانس، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا، بیلجیئم اور ہانگ کانگ، چین کے 16 بین الاقوامی کھلاڑی شریک ہوں گے۔
پاک فضائیہ نے پاکستان میں اسکواش کے فروغ، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے طویل عرصے سے اقدامات کیے ہیں۔
حال ہی میں مصحف اسکواش کمپلیکس میں منعقدہ 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026ء میں پاکستان نے مردوں کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی سرپرستی میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے،نوجوان ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرنے اور عالمی اسکواش میں پاکستان کا مقام بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
پی اے ایف کے مطابق چیمپئن شپ کے دوران مقامی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے حریفوں کے خلاف کھیلنے اور قیمتی مسابقتی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
ایونٹ میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، اسکواش کے نامور لیجنڈز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔
چیمپئن شپ کا مقصد پاکستان میں اسکواش کے فروغ، مستقبل کے چیمپئنز کی تیاری اور عالمی سطح پر پاکستان کے اسکواش کے تشخص کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

