مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے یونیورسٹی آف سوات کا دورہ کیا اور مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔
مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کا یونیورسٹی آف سوات کا دورہ، صحت، توانائی، ون ونڈو سہولت اور فن و ثقافت کے منصوبوں کا افتتاح، طلبہ و فیکلٹی کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن میں شرکت
طلبہ کی کامیابی کے لیے تعلیم، مارکیٹ سے ہم آہنگ مہارتوں اور درکار رویوں کا امتزاج ضروری ہے، ڈاکٹر عامر عبداللہ
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے یونیورسٹی آف سوات کا دورہ کیا جہاں پر انھوں نے صحت، توانائی، طلبہ کی سہولت اور فن و ثقافت کے شعبوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔
انہوں نے یونیورسٹی میں طلبہ اور فیکلٹی کے ساتھ منعقدہ انٹرایکٹو سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت بھی کی اور طلبہ کے سوالات کے مدلل جوابات دیتے ہوئے ان کے ساتھ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور عملی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قاسم، رجسٹرار، تدریسی و انتظامی افسران اور طلبہ و طالبات نے ڈاکٹر عامر عبداللہ کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران مشیر تعلیم نے یونیورسٹی میں ڈاکٹر فاروق شہید ہیلتھ سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ اس مرکز کے ذریعے طلبہ اور یونیورسٹی ملازمین کو بنیادی طبی معائنے، لیبارٹری ٹیسٹ اور فزیوتھراپی سمیت ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے طلبہ کی سہولت کے لیے قائم کردہ اسٹوڈنٹ فیسلیٹیشن اینڈ سروس اسٹیشن سینٹر کے ون ونڈو سہولت کا بھی افتتاح کیا۔

اس مرکز کے تحت طلبہ کو ٹرانسپورٹ، کیریئر سروسز، اسکالرشپس، آئی ٹی اور ڈیجیٹل سپورٹ، شکایات کے اندراج، تعلیمی سہولیات، فیس اور مالی امور سمیت مختلف انتظامی خدمات ایک ہی مقام پر دستیاب ہوں گی۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے اس سہولت کو اہم قرار دیتے ہوئے اسے دیگر جامعات میں بھی متعارف کرانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
مشیر تعلیم نے یونیورسٹی کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 500 کلوواٹ کے سولر پاور سسٹم کا بھی افتتاح کیا۔ اس منصوبے کے ذریعے جامعہ کو پائیدار توانائی کی فراہمی ممکن ہوگی جبکہ اس کی تنصیب پر یونیورسٹی کو کوئی مالی بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑا۔
اسی طرح انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم ہنر کدہ سینٹر آف ایکسیلنس فار آرٹ اینڈ کلچر کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ہنر کدہ میں نمائش کے لیے رکھے گئے خطاطی کے نمونوں، طلبہ و طالبات کے تیار کردہ تخلیقی فن پاروں، مصوری، ملبوسات اور فن و ثقافت سے متعلق دیگر منصوبوں کا مشاہدہ کیا اور نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے یونیورسٹی کے طلبہ اور فیکلٹی کے ساتھ منعقدہ ایک پروقار انٹرایکٹو سیشن میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ممتاز مصور، فنکار اور ادبی شخصیت سید جمال شاہ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین، پرو وائس چانسلر، رجسٹرار، سپیشل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم شریف حسین، یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی افسران اور طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد عملی زندگی میں داخل ہونے والے نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز اور تقاضوں کے لیے ابھی سے خود کو تیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عملی زندگی میں کامیابی کے لیے محض تعلیمی ڈگری کافی نہیں بلکہ علم، مارکیٹ سے ہم آہنگ مہارتوں اور درکار رویوں کا امتزاج ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ عملی زندگی میں کامیابی کا پہلا تقاضا متعلقہ شعبے کا ضروری علم اور تعلیمی قابلیت ہے، جبکہ دوسرا اہم عنصر مارکیٹ کی ضروریات سے مطابقت رکھنے والی پیشہ ورانہ مہارتیں ہیں۔ تاہم ان دونوں کے ساتھ تیسرا اور نہایت اہم عنصر انسان کے روئیے ہیں جو کامیابی کی بنیاد بنتا ہے۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ رویے کی تشکیل میں سب سے پہلے تجسس”کیوریاسٹی” اور مسلسل سیکھنے کی جستجو ضروری ہے۔ بدلتے ہوئے رجحانات اور نئے تقاضوں کے مطابق خود کو اپ ڈیٹ نہ کرنے والے افراد چند سال بعد اپنی پیشہ ورانہ اہمیت کھو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا درکا رویہ انکساری "ہیومیلٹی” ہے جس کا تقاضا ہے کہ انسان خود کو ہمیشہ سیکھنے کے عمل سے وابستہ رکھے۔ اسی طرح لچک اور ثابت قدمی "ریزیلینس” ، حالات کے مطابق ہر موقع کیلئے خود کو ڈھالنے کی صلاحیت "اڈاپٹیبیلٹی” اور "انیشیٹیو ” یعنی پہل کرنے کا جذبہ بھی ضروری ہے کیونکہ مواقع ہمیشہ خود چل کر نہیں آتے بلکہ انسان کو اپنی صلاحیت، محنت اور پہل کے ذریعے اپنے لیے مواقع پیدا کرنا ہوتے ہیں۔
اسی طرح جواب دہی "اکاونٹیبلٹی”، دیانت داری "انٹیگریٹی” اور ٹیم ورک میں باہمی تعاون "کو لیبوریشن” بھی کامیابی کے بنیادی اوصاف ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان اوصاف اور رویوں کو اپنی شخصیت اور عملی زندگی کا حصہ بنائیں، کیونکہ انہوں نے خود بھی اپنی زندگی میں ان رویوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
انٹرایکٹو سیشن کے دوران طلبہ نے تعلیمی نظام میں بہتری، جامعات کو درپیش مسائل، طلبہ کی مشکلات، اسکالرشپس اور دیگر تعلیمی امور سے متعلق سوالات کیے۔
مشیر تعلیم نے ان سوالات کے تفصیلی اور مدلل جوابات دیے اور مختلف شعبوں میں حکومت کی جانب سے مجوزہ منصوبوں اور اقدامات سے طلبہ کو آگاہ کیا۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے مجوزہ انٹرن گریجوٹ انٹرن شپ پروگرام میں آرٹس کے شعبے سے فارغ التحصیل نوجوانوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔
دریں اثنا مشیر تعلیم کو ممتاز مصور، آرٹسٹ اور ہنر کدہ کے بانی سید جمال شاہ نے یونیورسٹی کے ساتھ موجود اراضی پر میوزیم اور ہنر کدہ کے مستقل کیمپس کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کے ابتدائی ڈیزائن پر بریفنگ دی۔
انہیں اس منصوبے کے تحت متعارف کرائے جانے والے فنی و ثقافتی کورسز، ڈگری پروگرامز اور دیگر اہم تعلیمی و انتظامی خصوصیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تجویز دی کہ فنونِ لطیفہ اور آرٹ کے اس مجوزہ ادارے کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیاں محض مقامی سطح تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ ان کا دائرہ ملک کے دیگر علاقوں اور علاقائی تہذیبوں کے فن، ثقافت اور تاریخی ورثے کے مطالعے تک بھی وسیع کیا جائے، تاکہ طلبہ کو وسیع تر علمی اور ثقافتی تناظر سے روشناس کرایا جا سکے۔


