مسز تاج آفریدی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں سے پہلے عوام کی جان کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
ترقیاتی منصوبوں سے پہلے عوام کی جان کا تحفظ اولین ترجیح ہے، مسز تاج آفریدی
شانگلہ:رہنما پاکستان پیپلز پارٹی مسز تاج آفریدی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے وعدوں سے پہلے عوام کی جان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے، بڑے منصوبے اپنی جگہ اہم ہیں لیکن ان کے انتظار میں شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل مارتونگ مین بازار کی سڑک پر موجود خطرناک گڑھوں کے باعث عوام کو درپیش مشکلات اور ممکنہ حادثات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ٹی ایم اے کی جانب سے فوری طور پر مٹی ڈال کر گڑھوں کو ہموار کیا گیا، جس سے عوام کی آمدورفت کو عارضی طور پر محفوظ بنانے میں مدد ملی ہے۔
مسز تاج آفریدی نے کہا کہ جہاں ہنگامی نوعیت کے کام کی ضرورت ہو وہاں فوری اقدامات ہونے چاہئیں۔ بڑے ترقیاتی منصوبے بھی ضرور آئیں گے، تاہم عوام کی حفاظت، سہولت اور بنیادی ضروریات کو نظرانداز کرکے ترقی کا تصور مکمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایسے وعدوں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہیں جن کے ثمرات عوام کو فوری طور پر حاصل ہوں۔ مارتونگ بازار کی صفائی، خوبصورتی اور بہتری صرف انتظامیہ نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے ڈپٹی کمشنر، ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے کے متعلقہ عملے کا فوری کارروائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان کا تحفظ سیاست نہیں بلکہ بنیادی ذمہ داری ہے۔

