پاکستان نے فتح-3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔
پاکستان کا فَتح-3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے فَتح-3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
فَتح-3 جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹمز سے لیس ہے اور سپرسونک رفتار سے طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فَتح-3 کی شمولیت سے پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور ہدف تک رسائی میں اضافہ ہوگا، جس سے ملکی روایتی دفاعی صلاحیت اور دفاعی استعداد مزید مضبوط ہوگی۔
میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فَتح-3 کے کامیاب تجربے پر متعلقہ حکام اور ٹیم کو مبارکباد دی اور ملکی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی محنت، عزم اور لگن کو سراہا۔


