میجر عمر منہاس ناصر شہید اور حوالدار محمد عدنان خان شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔
میجر عمر منہاس ناصر شہید اور حوالدار محمد عدنان خان شہید کی نماز جنازہ ادا
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 14 نومبر کو بلوچستان کے ضلع نوشکی کے قریب دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، وزیر اطلاعات و نشریات، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
پاک فوج اور پوری قوم نے شہداء کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہداء کی بہادری، فرض شناسی اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
میجر عمر منہاس ناصر شہید اور حوالدار محمد عدنان خان شہید کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

