بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 8 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک اور 2 اہلکار شہید
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 8 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک، 2 اہلکار شہید
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 نومبر سے سکیورٹی فورسز بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر رہی ہیں، جن میں علاقے کی نگرانی اور کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ (این-40) پر گشت بھی شامل ہے۔
مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الہندستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
14 نومبر کو فتنہ الہندستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر، ضلع چکوال اور حوالدار محمد عدنان خان، کوٹلی ستیاں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
بزدلانہ کارروائی سکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی، آپریشنز کا سلسلہ اسی رفتار سے جاری رکھا جائے گا جبکہ ان علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز خطرہ مکمل طور پر ختم ہونے تک جاری رہیں گے۔
بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے فتنہ الہندستان ڈرونز، آئی ای ڈیز اور دیگر جدید ذرائع کے ذریعے شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
بھارت فتنہ الہندستان کو مالی معاونت اور جدید آلات فراہم کر رہا ہے، تاہم سکیورٹی فورسز اس بدلتے ہوئے خطرے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی قسم کی گنجائش نہیں دیں گی۔
وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ شہداء کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

