مکہ دفاعی اتحاد کا ہنگامی اجلاس، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی عزم، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود پہلے سیکرٹری جنرل مقرر
ریاض:سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات اور خطے کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا
اجلاس میں پاکستان کے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو تین سال کے لیے اتحاد کا پہلا سیکرٹری جنرل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اتحاد کے مقاصد کے حصول اور ادارہ جاتی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
اجلاس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں، شہری آبادی اور اقتصادی تنصیبات پر جاری حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ پاکستان اور ترکیہ نے سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے سعودی مسلح افواج کی مستعدی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاری کو بھی سراہا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے اجلاس سے قبل ہونے والی سیاسی اور عسکری مشاورت کے نتائج کا جائزہ لیا اور پیش کردہ سفارشات کی منظوری دی۔ کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مکہ دفاعی اتحاد مشترکہ دفاع اور خطرات سے نمٹنے کے لیے تینوں ممالک کے متحدہ مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔
اجلاس میں مشترکہ دفاعی ذمہ داریوں پر فوری عمل درآمد، طے شدہ فوجی دستوں اور دفاعی صلاحیتوں کی فراہمی اور سعودی عرب میں ان کی تیز رفتار تعیناتی کے لیے ضروری اقدامات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ یہ اقدامات منظور شدہ انتظامات اور تینوں ممالک کے قومی قوانین کے مطابق کیے جائیں گے، تاکہ دفاعی تیاری، عسکری ہم آہنگی اور مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ تینوں ممالک کی سلامتی ایک دوسرے کی اجتماعی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع پر عملی اقدامات کے ذریعے عمل درآمد اجتماعی دفاع کے عزم کو مضبوط، دفاعی صلاحیت کو مؤثر اور تینوں ممالک کے اتحاد و یکجہتی کو مزید مستحکم کرے گا۔

