اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے اسلام آباد میں امن و امان، سکیورٹی انتظامات، پولیسنگ امور اور شہریوں کو مؤثر و بروقت سروس ڈیلیوری کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا اور افسران کو پیشہ ورانہ پولیسنگ، مؤثر نگرانی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح بنانے کی ہدایت کی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق اور ایس ایس پی سکیورٹی و ایڈمن محمد شہریار خان کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، جس میں شہر میں امن و امان، سکیورٹی انتظامات اور پولیسنگ امور کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت اور احساس ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔
بعد ازاں انہوں نے ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کے ہمراہ ناکہ G-14 کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہیں ناکہ بندی، چیکنگ کے عمل اور سکیورٹی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کو الرٹ رہنے، مشکوک افراد اور گاڑیوں کی مؤثر اور باریک بینی سے چیکنگ کرنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ناکہ جات پر مؤثر چیکنگ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت روکنے اور مجموعی سکیورٹی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ترجمان کے مطابق مختلف ڈویژنز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی بھی جاری ہے، جبکہ فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت، محنت اور عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افسران و جوانوں کو تعریفی اسناد دی گئیں۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوان محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی سے فورس میں مزید محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ خدمات کا جذبہ فروغ پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین سروس ڈیلیوری اور بروقت ریلیف کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔


