غزہ میں اسرائیلی مظالم پر مسلم حکمران بے حسی ترک کریں، عبد الواسع
مردان:جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبد الواسع نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، مسلم حکمران بے حسی ترک کرکے ظلم روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک جاری ہے اور حکومت کو اس ظالمانہ ٹیکس کے خاتمے پر مجبور کیا جائے گا۔
وہ کالج چوک میں غزہ یکجہتی مارچ اور پریس کلب کے سامنے پٹرولیم لیوی کے خلاف دستخطی مہم کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اجتماع سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر غلام رسول اور جنرل سیکریٹری سعید اختر ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔
عبد الواسع نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر مہم اور دھرنا تحریک جاری ہے، جس کا مقصد ان کے بقول عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے باعث مزدور، رکشہ و موٹر سائیکل سوار اور عام شہری متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے پٹرولیم لیوی کے خلاف قرارداد پر دستخط کیے اور دھرنے و لانگ مارچ میں شرکت کے عزم کا اظہار کیا۔

