اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، علاقائی سلامتی اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں جانب سے علاقائی استحکام، جموں و کشمیر تنازع، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار اور خدمات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں اقوام متحدہ کی امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو بھی سراہتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی خصوصی طور پر تعریف کی۔

