محمد ذیشان علی چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلائی اسٹیشن تیانگونگ کا سفر کریں گے۔
پاکستان کا پہلا خلاباز مشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے، جس کے تحت محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ کے لیے تاریخی خلائی پرواز پر روانہ ہوں گے۔
راولپنڈی:یہ مشن چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) کی قیادت میں سپارکو کے اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے اور اسے پاکستان کی انسانی خلائی تحقیق کے میدان میں شمولیت کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سپارکو کے مطابق محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ ایکسپرٹ کی حیثیت سے پاکستان کا سائنسی پروگرام انجام دیں گے اور خلائی اسٹیشن پر کم کششِ ثقل کے ماحول میں مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔
پاکستانی محققین کے تیار کردہ ان تجربات میں میٹریل سائنس، فلوئڈ فزکس، حیاتیاتی علوم اور بائیو ٹیکنالوجی شامل ہیں، جن کے ممکنہ اطلاقات موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، غذائی تحفظ اور صنعتی جدت کے شعبوں میں ہوسکتے ہیں۔
مشن کے دوران ایک تجربے کے تحت خلا میں زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے گرین مائیکرو فیکٹریز قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا، جس میں مائیکرو الجی (خردبینی کائی) کی افزائش کے ذریعے اسے غذائیت کے ممکنہ ذریعے اور آکسیجن پیدا کرنے والے عنصر کے طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت پر تحقیق کی جائے گی۔
دیگر تین تجربات چین کے خلائی اسٹیشن کے بیرونی تجرباتی ماڈیولز پر نصب کیے جائیں گے اور ایک سال تک خلا کے ماحول میں رہیں گے۔
ان میں خلائی پرواز کے دوران کوئنوا کے بیجوں پر کم کششِ ثقل اور کائناتی شعاعوں کے اثرات کا مطالعہ، خود مرمت کرنے والے کمپوزٹ مواد کی کارکردگی کا جائزہ اور خلائی جہازوں کے تحفظ کے لیے ہائبرڈ کمپوزٹ مواد کی پائیداری کی جانچ شامل ہے۔
سپارکو کے مطابق یہ سائنسی پروگرام چین کے مختلف تحقیقی اداروں، جن میں سینٹر فار اسپیس یوٹیلائزیشن، شنگھائی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل فزکس، ڈالیان میری ٹائم یونیورسٹی اور شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی شامل ہیں، کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
یہ مشن پاکستان کی خلائی تاریخ اور پاک چین دوستی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے ذریعے پاکستان انسانی خلائی پرواز میں حصہ لینے والے ممالک کے منتخب گروپ میں شامل ہوگا۔

