لکی مروت(مہم نیوز)27 ستمبر 2026:دہشت گردوں کی رکشے پر فائرنگ کے نتیجے میں مقامی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی شہید جب کہ تین زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق دہشت گردی کا یہ واقعہ لکی مروت کے گاؤں عبدالخیل کے قریب پیش آیا، جہاں کرکٹ میچ کھیل کر رکشے میں واپس آنے والے مقامی ٹیم کے کھلاڑیوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں تین کھلاڑی موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ تین زخمی ہوگئے جب کہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دہشتگردی کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جب کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔
تھانہ درہ پیزو پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے واقعے میں شہید کرکٹرز میں محمد عمیر، صادق امین اور عالیان شامل ہیں جب کہ زخمیوں کی شناخت آصف اللہ، امداد اللہ اور اعجاز خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق کھلاڑی گاؤں شاہ حسن میں کرکٹ میچ کھیل کر واپس اپنے گاؤں عبدالخیل کی جانب سفر کر رہے تھے، کہ وہاں پہلے سے گھات لگا کر بیٹھےدہشت گردوں نے راستے میں گولیاں برسا دیں، پولیس ٹیموں نے مفرور دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
