راولپنڈی(مہم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فرانس کے سیکریٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی (SGDSN) نکولس روش نے پاکستان میں فرانس کے سفیر ژاں نول پوئریے کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
فرانس کے سیکریٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نکولس روش نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں فرانس کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
