
صوبائی کابینہ کا 29واں اجلاس وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے مختلف شعبوں کے لیے 33 ارب روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی۔
پشاور(روزنامہ مہم)اے ڈی پی پلس کی یہ رقم محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی تجویز کردہ تقسیم کے مطابق جاری کی جائیگی۔
اضافی فنڈز کو ترجیحی اور تکمیل کے قریب منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا تاکہ عوامی مفاد کے میگا منصوبوں کو جلد مکمل کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے اس اقدام کو صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
اجلاس میں ”احساس ہنر پروگرام” کے بجٹ کو بڑھا کر 3050 ملین روپے کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت فنی و پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے نوجوانوں کو خود روزگار اور کاروباری مواقع کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔اس منصوبے کے لیے بینک آف خیبر بطور سروس پرووائیڈر کام کرے گا۔
کابینہ نے ایبٹ آباد کے گلیز اور چترال کے بشکر گرم چشمہ کو خیبر پختونخوا وائلڈ لائف اینڈ بائیو ڈائیورسٹی ایکٹ 2015 کے تحت بائیو اسفیئر ریزرو کے طور پر گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
یہ دونوں مقامات 14 جون 2023 کو یونیسکو کے عالمی نیٹ ورک میں شامل کیے گئے تھے، جس کے بعد پاکستان کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بائیو اسفیئر ریزرو کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان مقامات کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
اسی طرح کابینہ نے ویسٹ پاکستان نوٹریز رولز 1965 کے قواعد 10 اور 11 میں ترامیم کی منظوری دی، جس کے تحت نوٹری تقرری کی فیس کو 100 روپے سے بڑھا کر 20,000 روپے، علاقائی توسیع اور تجدید کی فیس کو 10,000 روپے جبکہ ڈپلیکیٹ کے حصول کی فیس کو 2,000 روپے کر دیا گیا۔اسی طرح رول 11 کے تحت مختلف فیسوں کو بھی بڑھایا گیا ہے۔
کابینہ نے زلزلہ سے متاثرہ سکولوں کی بحالی کے لیے 1726.100 ملین روپے کے اضافی ترقیاتی فنڈ کی منظوری دی
یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے میں خیبر پختونخوا میں 3700 تعلیمی ادارے تباہ ہوئے تھے، جن میں سے 760 یونٹس / سکولز بحالی سے رہ گئے تھے جنکی تعمیر کے لیے یہ فنڈ مختص کیا گیا ہے۔
کابینہ نے فاٹا یونیورسٹی کے لیے 14.5 ملین روپے کی ترقیاتی سپورٹ گرانٹ کی منظوری دی۔
یہ گرانٹ پانی کی فراہمی کے نظام اور طلبہ کے لیے ایک منی بس کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی کے مستقل کیمپس کی تکمیل سے تعلیمی معیار میں مزید بہتری آئے گی اور طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
کابینہ نے خیبر پختونخوا ڈیزرونگ آر ٹسٹس انڈومنٹ فنڈ کے لیے 500 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔
اس فنڈ کے ذریعے مستحق فنکاروں کی مالی امداد، علاج معالجہ، اور زندگی کے بنیادی اخراجات پورے کرنے میں مدد دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے فنڈ کی شفاف اور میرٹ پر تقسیم یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے فنڈز کو معاشی مشکلات میں گرے آرٹسٹوں کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ آرٹسٹوں کے فن فروغ میں استعمال میں لانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے لیے 5 ملین روپے کے انعامی فنڈ کی منظوری دی گئی، جو کہ مختلف کھیلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے اس اقدام کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا کہ دیگر کھیلوں کے ساتھ روایتی کھیلوں کو فروغ دیا جائے اور شندور میں پولومیچز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ پولو گیمز پشاور میں منعقد کئے جائیں۔
کابینہ نے ضم اور پسماندہ اضلاع کے لیے 1095 ملین روپے کے خصوصی فنڈ کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ، محکمہ بہبود آبادی کے فیملی ویلفئیر اسسٹنٹس (مرد و خواتین) کے سفری الاؤنس میں بھی اضافہ کرتے ہوئے 250 روپے ماہانہ سے 3,000 روپے ماہانہ کر دیا گیا۔
کابینہ نے بنوں میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے طالب علم کے اہل خانہ کے لیے 3 ملین روپے معاوضے کی منظوری دی۔
اجلاس میں صوبائی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد نمبر 136 وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری دی گئی، جس میں 26 نومبر 2024 کو اسلام آباد میں گرفتار کیے گئے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ گرفتار کارکنان کو جیل میں غیر انسانی سلوک کا سامنا ہے۔
کابینہ نے صوبائی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد نمبر 135 کو وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری دی، جس میں ضم اضلاع کے اے آئی پی ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت کی اسٹیرنگ کمیٹی کے قیام کی مخالفت کی گئی ہے۔
کابینہ نے خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل 2025 کا مسودہ تفصیلی بحث کے بعد حتمی ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا، جسے جلد صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔