
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔
پشاور(روزنامہ مہم)جعلی حکومت نے کب سے پورے ملک کو داؤ پر لگا رکھا ہے، لیکن پھر بھی وہ عمران خان کو مائنس کرنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین، قانون اور انصاف کا جنازہ نکالنے کے باوجود بھی عمران خان کو سیاسی منظرنامے سے ہٹایا نہیں جا سکا۔
اب جعلی وفاقی اور پنجاب حکومتیں ”مائنس عمران خان” کا گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہی ہیں، جس کی زد میں تحریک انصاف کے بعض کارکنان بھی غیر دانستہ طور پر آ گئے ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ مخالفین دل بہلانے کے لیے جو چاہیں کر لیں، لیکن حقیقت سے چشم پوشی نہ کریں۔ عوام عمران خان کو مائنس کرنے کے بجائے مزید پلس کر رہے ہیں۔
گمراہ کن افواہیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ جعلی حکمران قیدی نمبر 804 سے کس قدر خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قید میں ہونے کے باوجود عمران خان ان حکمرانوں کے اعصاب پر سوار ہیں۔
اگر وہ قید سے باہر آ گیا تو ان بے چاروں کا کیا حال ہوگا؟ جعلی حکمران عمران خان کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ”مائنس عمران خان” کا پروپیگنڈا کرنے والے خوش فہمی میں مبتلا ہیں۔ عمران خان ملک کے سب سے مقبول رہنما ہیں اور عوام کے دلوں میں رچ بس چکے ہیں، انہیں مائنس کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مائنس کرنے والے خود ملکی سیاست سے مائنس ہو چکے ہیں اور اب فارم 47 کے ذریعے جعلی مینڈیٹ پر قوم پر مسلط ہیں۔ عوام جعلی حکمرانوں کے منفی پروپیگنڈے میں آنے والے نہیں۔
جتنا وہ عمران خان کو مائنس کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اتنا ہی عوام عمران خان کی حمایت میں شدت سے سامنے آتے ہیں۔