
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں بے نظیر ہنر مند پروگرام کا اجراء کردیابے۔
نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لاکھوں خاندان مستفید ہورہے ہیں، صدر مملکت کا تقریب کے شرکاء سے خطاب۔

اسلام آباد(روزنامہ مہم)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بچوں اور بچیوں کو تعلیم سمیت تمام حقوق فراہم کیے جارہے ہیں جو پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا مشن تھا جسے ہم آگے بڑھا رہے ہیں،
آج بے نظیر ہنر مند پروگرام کا آغاز کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایوان صدر میں بے نظیر ہنر مند پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد اور غیر ملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی-
اس موقع پر صدر مملکت نے خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ بے نظیر ہنر مند پروگرام کا باضابطہ اجراء کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کو لوگوں تک منتقل کرنا چاہتے ہیں تاکہ محنت کش کا بیٹا بھی ہنر سیکھ کر اپنے خاندان کی کفالت کرے اور قوم کی خدمت کرے-
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے وژن کے تحت عام لوگوں کو باختیار بنانا چاہتی ہے-
انہوں نے کہا کہ ہنر مند پروگرام کے ذریعے جرمن اور چینی زبانیں بھی سکھائی جائیں گی، انہوں نے سندھ میں نرسنگ کی تربیت حاصل کرنے والوں کی مالی امداد کا بھی ذکر کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ 2008 میں جب ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا تو اس وقت کے وزیر خزانہ سید نوید قمر کی کاوشیں اس پروگرام کے اجراء میں شامل تھیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں-
صدر مملکت نے کہا کہ آج اس پروگرام سے لاکھوں خاندان مستفید ہورہے ہیں-
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بچوں اور بچیوں کو تعلیم سمیت تمام حقوق فراہم کیے جارہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی اپنے ویژن کے تحت عام لوگوں کو با اختیار بنانا چاہتی ہے۔
محنت کشوں کے بچوں کو کمپیوٹر جیسی جدید تعلیم اور ہنر سکھائیں گے تاکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت اور قوم کی خدمت کرسکیں، بے نظیر ہنر مند پروگرام کے تحت کمپیوٹر ٹیکنالوجی سمیت جدید تعلیم اور ہنر سکھائے جائیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بیرون ملک ہنر مند افرادی قوت کی مانگ ہے، نرسنگ جیسے باوقار شعبہ میں پاکستانی تربیت یافتہ نرسز باعزت روزگار کماسکتی ہیں، اس کے لئے ہمیں نرسنگ کے شعبہ میں اعلیٰ تربیتی معیار قائم کرنا ہوگا-
صدر نے کہا کہ اس شعبے کے لیے عالمی معیارات کو تربیتی عمل میں شامل کرنا ہوگا۔
قبل ازیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر ہنر مند پروگرام ایک وعدے کی تکمیل ہے-
بے نظیر ہنر مند پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنایا جائے گا، اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو جدید ہنر سکھائے جائیں گے-
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا وعدہ شہید بے نظیر بھٹو نے کیا تھا، آج اس وعدے کی تکمیل کرکے خوشی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو مضبوط بنانا اور انہیں سہولت فراہم کرنا شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وژن تھا، پیپلز پارٹی نے 2008 میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز آغاز کیا،
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق خواتین کو عزت اور وقار کے ساتھ مالی طور پر مستحکم کیا گیا، آصفہ بھٹو زرداری اپنی شہید والدہ کے ویژن کو آگے لے کر بڑھ رہی ہیں-
انہوں نے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری کی پروگرام میں شمولیت قابل فخر ہی نہیں بلکہ تاریخی بھی ہے۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت لاکھوں خاندانوں کی کفالت کی جا رہی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 2022 کے سیلاب اور کوویڈ کے دوران مستحقین تک امداد پہنچائی گئی، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام محض ایک پروگرام نہیں بلکہ اب یہ گلوبل ماڈل بن چکا ہے-
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام تیزی سے تبدیل ہوتی دنیا میں خواتین اور نوجوانوں کے لئے ایک امید کا پیغام ہے، یہ پروگرام ایک تحریک اور غربت کے خلاف جنگ ہے-
سینیٹر روبینہ خالد نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے تعاون پر جرمن حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا-
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سیکرٹری عامر علی احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے غربت کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام معاشرے میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اب یہ ایک گلوبل پروگرام بن چکا ہے۔
آئندہ مالی سال کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مد میں 716 ارب روپے رکھے گئے ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر ہنر مند پروگرام کا اجرا خوش آئند ہے جس کے ذریعے جدید ڈیمانڈنگ ہنر سکھائے جائیں گے۔
تقریب کے موقع پر صدر مملکت نے مہمانوں کے ہمراہ سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔