فیلڈ مارشل عاصم منیر کی برازیل کے اعلیٰ فوجی وفد سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کر رہے ہیں
برازیل کے اعلیٰ فوجی وفد کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر برازیل کے اعلیٰ فوجی عہدیدار کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور فوجی سطح پر تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر برازیل کے اعلیٰ فوجی عہدیدار نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اس کی خدمات کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ فوجی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

