ثمر ہارون بلور نے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
ثمر ہارون بلور نے مشیر برائے اطلاعات خیبر پختونخوا کا چارج سنبھال لیا، پہلے روز اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب
پشاور:گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
لاہوری گیٹ میں واقع دفتر آمد پر کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال
لاہوری گیٹ میں واقع دفتر آمد پر کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام، عوام کا تحفظ اور خوشحالی ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا نے ان پر اعتماد کیا ہے اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔
خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت ان کے لیے اعزاز ہے اور وہ بلور خاندان کی عوامی خدمت کی روایت کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلور خاندان نے ہمیشہ اپنی سرزمین اور وطن کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
اپنے عوام کو خوشحال اور آباد دیکھنا ان کا خواب ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔
گورنر راج کی مدت کا تاحال تعین نہیں ہوا، ثمر ہارون بلور
گورنر راج سے متعلق سوال کے جواب میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ گورنر راج کی مدت کا تاحال کوئی تعین نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور اور خیبر پختونخوا گزشتہ 13 سال سے ایسی حکومت کا سامنا کرتے رہے ہیں جس نے سیاست کو گالی گلوچ تک محدود کر دیا اور پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں وسائل کی کمی نہیں، تاہم انہیں عوام کی بہتری کے لیے استعمال کرنے کی خاطر مؤثر حکمت عملی اور مضبوط عزم کی ضرورت ہے تاکہ خیبر پختونخوا کو دیگر صوبوں کے برابر لایا جا سکے۔
پہلے روز اپیکس کمیٹی کا اجلاس، امن و امان پر توجہ
ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے پہلے ہی روز گورنر خیبر پختونخوا نے اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔
ان کے مطابق صوبے میں پائیدار امن کا قیام ترقی اور خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 232 شہادتیں پاک فوج کے جوانوں کی ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا اور ان کے اہل خانہ کی خبرگیری کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز کیے جائیں گے
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ حکومتی پالیسی عوامی مشاورت کی بنیاد پر تشکیل دی جائے گی اور آپریشنز صرف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ حکومت پولیس اور سکیورٹی فورسز کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
ثمر ہارون بلور نے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کی خبرگیری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی کے مستحق ہیں۔
عوام کے تحفظ، بنیادی سہولیات کی بہتری اور صوبے کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بلور خاندان کی عوامی خدمت کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے صوبے کے عوام کی خدمت اور خیبر پختونخوا کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں کہ ہمارے پاس ناکام ہونے کا کوئی آپشن نہیں۔

