یورپی یونین اور جرمنی کی معاونت سے خیبرپختونخوا میں گرین اور ڈیجیٹل شعبوں کے جدید ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ مراکز کا افتتاح۔
یورپی یونین اور جرمنی کی پاکستان کے گرین اور ڈیجیٹل شعبوں میں سرمایہ کاری، خیبرپختونخوا میں جدید ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کا افتتاح
ایبٹ آباد:یورپی یونین اور جرمنی نے پاکستان میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کی جدید مہارتوں میں تربیت اور گرین و ڈیجیٹل شعبوں میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے تعاون مزید وسیع کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں یورپی یونین اور جرمنی نے آج خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد کے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) سینٹر آف ایکسی لینس کی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح کر دیا، جس سے توانائی کے شعبے سے متعلق جدید فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت تک رسائی بہتر ہوگی۔
یہ افتتاح ٹیم یورپ کے ٹی وی ای ٹی سیکٹر سپورٹ پروگرام کے تحت ایک اہم پیش رفت ہے، جس کی مشترکہ مالی معاونت یورپی یونین اور جرمنی کی وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی (BMZ) کر رہے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں آٹھ شعبہ جاتی سینٹرز آف ایکسی لینس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، تاکہ نوجوانوں کو بدلتی ہوئی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنے کے ساتھ پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ اقدام یورپی یونین کی گلوبل گیٹ وے سرمایہ کاری حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت 2021ء سے 2027ء کے دوران دنیا بھر میں 400 ارب یورو کی سرمایہ کاری متحرک کرنے کا ہدف ہے۔
اس حکمت عملی کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا، اہم بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینا اور پائیدار معاشی ترقی کی معاونت کرنا ہے، جس میں پاکستان کے نوجوانوں کی فنی مہارتوں پر سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔
ٹیم یورپ کے تعاون سے ایبٹ آباد کے سینٹر میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔ آٹھ لیبارٹریوں کو جدید اور صنعتی معیار کی مشینری سے آراستہ کیا گیا ہے، جہاں سولر فوٹو وولٹک (PV) سسٹمز، الیکٹریکل انسٹالیشنز اور مکینیکل تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ متعدد عمارتوں اور بلاکس کی بھی تزئین و بحالی کی گئی ہے۔
اپ گریڈیشن کے بعد سینٹر میں الیکٹریکل، مکینیکل اور سول شعبوں میں تین سالہ ڈپلومہ کورسز پیش کیے جا رہے ہیں، جبکہ ادارے کو بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن بھی حاصل ہو چکی ہے۔
یہ سینٹر جدید ٹیکنالوجی اور گرین ٹریڈز میں اساتذہ اور ماسٹر ٹرینرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے علاقائی تربیتی مرکز کے طور پر بھی کام کرے گا۔ پروگرام کے دوران اس سینٹر میں ایک ہزار سے زائد طلبہ کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے کہا کہ پاکستان کی توانائی کی منتقلی اور معاشی مسابقت کا انحصار ہنرمند افرادی قوت پر ہے۔ ٹیم یورپ کی شراکت داری کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر سرمایہ کاری اور ان کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
یہ سینٹر نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق عملی اور صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرے گا، جس سے ان کے لیے بہتر روزگار کے امکانات پیدا ہوں گے۔

جی آئی زیڈ (GIZ) کی کنٹری ڈائریکٹر ماریا جوز پوڈے نے کہا کہ مضبوط فنی تعلیم معیاری تربیت کو صنعتی شعبے کی ضروریات سے منسلک کرتی ہے۔
ایبٹ آباد کے سینٹر آف ایکسی لینس کی اپ گریڈیشن کے ذریعے جدید تربیتی سہولیات، ماہر اساتذہ اور متعلقہ پیشہ ورانہ قابلیتوں کی فراہمی میں معاونت کی جا رہی ہے، جس سے نوجوان توانائی کے شعبے میں بہتر مستقبل کی تیاری کر سکیں گے اور پاکستان کی پائیدار ترقی میں کردار ادا کریں گے۔
حکومت خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تکنیکی تعلیم ڈاکٹر محمد ارشاد نے صوبے میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے استحکام کے لیے یورپی یونین اور جرمنی کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تکنیکی تعلیم اور ایسی عملی مہارتوں تک رسائی کی ضرورت ہے جو روزگار کی مارکیٹ کے تقاضوں سے مطابقت رکھتی ہوں۔
یہ سینٹر توانائی کے شعبے کے لیے ہنرمند پیشہ ور افراد تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے فنی تعلیم کو مضبوط بنانے اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھانے میں ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون کو قابل قدر قرار دیا۔

بعد ازاں یورپی یونین کے سفیر نے برٹش کونسل کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر بین لاٹن کے ہمراہ ہری پور کے گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سینٹر فار ویمن، کے ٹی ایس کی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح کیا۔
یہ ادارہ بھی ٹیم یورپ کے ٹی وی ای ٹی سیکٹر سپورٹ پروگرام کا حصہ ہے، جسے حب اینڈ اسپوک ماڈل کے تحت پشاور میں انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز (IMSciences) کے سینٹر آف ایکسی لینس فار ڈیجیٹل اینڈ ہائی ٹیک اسکلز سے منسلک کیا گیا ہے۔

یہ ادارہ جدید تربیتی کورسز کی فراہمی کے لیے ایک ماڈل فنی و پیشہ ورانہ تربیتی مرکز کے طور پر کام کرے گا۔
اپ گریڈ کیے گئے سینٹر میں اسمارٹ لیبارٹری اور اسمارٹ کلاس روم قائم کیے گئے ہیں۔ منصوبے کی مدت کے دوران یہاں 150 خواتین طالبات کو ڈیجیٹل اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تربیت دی جائے گی، جن میں ڈیٹا اینالیٹکس، سائبر سکیورٹی اور گیم ڈیولپمنٹ شامل ہیں۔
برٹش کونسل کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر بین لاٹن نے سینٹر کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ جدید تربیتی سہولیات میں سرمایہ کاری صرف پہلا قدم ہے، اصل اہمیت خواتین کو عملی مہارتیں اور انہیں روزگار میں تبدیل کرنے کا اعتماد فراہم کرنے کی ہے۔
خیبرپختونخوا ٹیوٹا کے اشتراک سے پروگرام کے ذریعے صنعتی ضروریات کے مطابق تربیت کو مقامی آبادی تک پہنچایا جا رہا ہے، تاکہ خواتین ملازمتیں حاصل کرنے، فری لانسنگ شروع کرنے اور اپنے کاروبار قائم کرنے کے قابل ہو سکیں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔
دورے کے دوران وفد نے خصوصی بیوٹی اور ہیئر لیبارٹریوں کا معائنہ کیا، جبکہ خواتین کو پائیدار روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے کے لیے قائم کیے گئے کیریئر کونسلنگ اینڈ جاب پلیسمنٹ سینٹر کا بھی دورہ کیا۔
تقریب میں حکومتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں خیبرپختونخوا میں بالخصوص خواتین کے لیے صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ جدید مہارتوں تک رسائی بہتر بنانے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے یورپی یونین کی کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔

