ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رفعت دالکران کی پاک فضائیہ،ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات۔
پاکستان اور ترکیہ کا دفاعی شعبے میں تزویراتی شراکت داری مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد:ترک فضائیہ کے کمانڈر، جنرل رفعت دالکران کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں اشتراکِ عمل اور فضائی قوت کو درپیش عصری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر ترک فضائیہ کے کمانڈر کا پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس امر پر زور دیا کہ مشترکہ تاریخ، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر استوار پاکستان اور ترکیہ کی دوستی ایک مضبوط تزویراتی شراکت داری کی صورت اختیار کر چکی ہے، جس میں دفاع اور ایرو اسپیس کے شعبوں میں مزید وسعت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ایک مضبوط اور کثیرالجہتی فضائی قوت میں ڈھالنے کے لیے جاری اصلاحاتی و جدیدکاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاک فضائیہ کی یہ تبدیلی جدید دفاعی صلاحیتوں کے حصول، مقامی سطح پر تحقیق و جدت کے فروغ اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ آپریشنل حکمتِ عملی کی تشکیل پر مرکوز ہے۔
اس موقع پر ایئر چیف نے ترک فضائیہ کو پائلٹس کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے پاک فضائیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
دونوں فضائی سربراہان نے بغیر پائلٹ اور خودکار نظاموں، الیکٹرانک وارفیئر، جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز اور مقامی سطح پر تحقیق، ترقی اور پیداوار کے شعبوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے نئے امکانات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے دونوں فضائی افواج کے مابین پیشہ ورانہ روابط کو ادارہ جاتی سطح پر فروغ دینے، مشترکہ تربیتی پروگرامز اور فوجی مشقوں کے انعقاد کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ باہمی آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینے، مشترکہ صلاحیتوں کو مؤثر بنانے اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں مدد مل سکے۔
ترک فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، غیر معمولی آپریشنل صلاحیتوں اور قابلِ قدر حربی تجربے کا اعتراف کرتے ہوئے اسکی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ کی تیز رفتار جدیدکاری، مقامی ایرو اسپیس صلاحیتوں میں نمایاں پیش رفت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کے حصول کے لیے جاری اقدامات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
ترک فضائیہ کے سربراہ نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کے لیے پاک فضائیہ کے وسیع حربی تجربے اور گراں قدر آپریشنل مہارت سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین گہرے تزویراتی تعلقات اور دفاعی شعبے میں ایک مضبوط، مربوط اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔
مشترکہ تزویراتی مفادات اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر استوار دونوں فضائی افواج کا یہ بڑھتا ہوا تعاون دفاعی شعبے میں جدت و ترقی، مقامی دفاعی صلاحیتوں کے استحکام اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔


