خیبر میڈیکل کالج کی سالانہ تقریب میں 580 طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں
خیبر میڈیکل کالج کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد، 580 طلبہ میں اسناد تقسیم
تقریب کی مہمانِ خصوصی گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ ریٹائرڈ جنرل ڈاکٹر نگار جوہر تھیں۔
پشاور:خیبر میڈیکل کالج پشاور کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد 2026 جامعہ پشاور کے کنوکیشن ہال میں منعقد ہوئی، جس میں 580 فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 26 طلبہ کو طلائی تمغوں سے نوازا گیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ ریٹائرڈ جنرل ڈاکٹر نگار جوہر تھیں۔ صدر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل، ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب سمیت اساتذہ، طلبہ، والدین اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں دو بہترین فارغ التحصیل طلبہ کو بھی اعزازات دیے گئے۔ 2017ء تا 2022ء کے تعلیمی دور میں لائبہ احمد نے پانچ طلائی تمغے حاصل کیے، جبکہ 2018ء تا 2023ء کے دور میں ضیاد علی نے کالج سے 14 اور یونیورسٹی کی سطح پر 5 طلائی تمغے حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر نگار جوہر نے نئے ڈاکٹروں اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے پیچھے والدین کی قربانیاں، دعائیں اور اساتذہ کی محنت شامل ہے۔ انہوں نے نئے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ پیشہ ورانہ مہارت، اخلاق اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔
ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے کہا کہ تقریب طلبہ کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے فارغ التحصیل ڈاکٹر دنیا بھر میں اہم طبی عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل نے نئے ڈاکٹروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طبی تعلیم کے بنیادی ستون علم، مہارت اور مثبت رویہ ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو مریضوں کے ساتھ ہمدردی اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کو مقدم رکھنے کی تلقین کی۔
صدر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے خیبر میڈیکل کالج کی تقریب میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کالج کے 60 سے زائد فارغ التحصیل ڈاکٹروں نے امریکہ میں اعلیٰ طبی تربیت کے مواقع حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور طبی اداروں کے باقاعدہ معائنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
تقریب کے دوران طبی تعلیم اور صحت کے شعبے میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں پروفیسر ڈاکٹر مدثر احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر جمیلہ مہناز نائب اور پروفیسر ڈاکٹر ہاشم الدین اعظم کو زندگی بھر کی خدمات کے اعزازات بھی پیش کیے گئے۔
خیبر میڈیکل کالج کا قیام 1954ء میں عمل میں آیا تھا۔ ادارے نے 72 سالہ تعلیمی سفر کے دوران 9 ہزار سے زائد ڈاکٹر تیار کیے ہیں اور خیبر پختونخوا میں طبی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تقریب میں تقریباً ایک ہزار افراد نے شرکت کی۔

