بحرین کے وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مملکت بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و بحرین کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
بحرینی وزیر خارجہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات اور کردار کو بھی تسلیم کیا۔

