پشاور(مہم نیوز)محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران صوابی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بھاری کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور ایک گاڑی سے 240 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد کرلی۔
صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں محکمہ ایکسائز کی کاؤنٹر نارکوٹکس ٹیمیں صوبہ بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ اور کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز ماجد خان کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ ایکسائز صوابی فیصل خان کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایکسائز حکام کے مطابق درمیانی شب جمال آباد، صوابی کے قریب ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے تیز رفتاری سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
ایکسائز ٹیم نے گاڑی کا تعاقب کیا، جس دوران مذکورہ گاڑی نے ایکسائز اسکواڈ کی گاڑیوں کو ٹکر ماری، جس سے سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ایکسائز اہلکاروں نے مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے مشکوک گاڑی کو قابو کرلیا۔
گاڑی نمبر BTD-966 کی تلاشی کے دوران اس میں سے 240,000 گرام (240 کلو گرام) اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد ہوئی۔
ایکسائز حکام کے مطابق گاڑی میں سوار افراد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ ایکسائز صوابی میں درج کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا اور منشیات کی اسمگلنگ، ترسیل اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
