راولپنڈی(مہم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکا میں قائم دفاعی اور اہم انفراسٹرکچر سلوشنز کی کمپنی POWERUS کے وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت رابرٹ بریٹ ویلیکووچ نے کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی ٹیکنالوجی میں بدلتے ہوئے رجحانات اور دفاعی سازوسامان کی خریداری، پیداوار اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی اور ملکی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں ٹیکنالوجی، جدت اور جدید حل کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

