راولپنڈی(مہم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب چاغی کے علاقے نوکچہ اور پشین کے علاقے زیارت کراس میں مختلف واقعات کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کوئٹہ۔تفتان قومی شاہراہ N-40 پر مسافروں کی پرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے کے لیے بھتہ خوری کی غرض سے غیر قانونی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملہ کرکے اسے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید ہلاکتیں ہوئیں۔کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو اپنی قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنا اور علاقے میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنا تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دوم افسران سمیت 6 بہادر سپوتوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔ شہداء میں کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے۔
علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکے اور مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت اور سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مکمل عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
