راولپنڈی(مہم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناصوتیون بن اسماعیل نے پاکستان میں ملائیشیا کے سفیر اور اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کے ساتھ دفاعی تعاون مزید گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک روابط کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔
