راولپنڈی(مہم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلامبو جولز کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کے اعزاز میں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے۔کانگو کے چیف آف ڈیفنس نے قبل ازیں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلامبو جولز نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل استعداد اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
انہوں نے دفاعی پیداوار میں خود انحصاری اور مقامی سطح پر صلاحیتوں کے فروغ کے ذریعے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے حاصل کی گئی نمایاں پیش رفت کی بھی تعریف کی۔
