کوہاٹ روڈ پر ٹرک سے 10 کلو ہیروئن برآمد، افغان باشندہ ملزم گرفتار؛ نوشہرہ میں فلائنگ کوچ سے 7.2 کلو چرس پکڑی گئی
پشاور(مہم نیوز)محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کے تحت منشیات کے خلاف جاری اپریشن کے سلسلے میں پشاور اور نوشہرہ میں دو الگ الگ تازہ کامیاب کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 10 کلوگرام ہیروئن اور 7.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے منشیات کی سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں، جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیے گئے۔
محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن سکواڈ نے پشاور میں کوہاٹ روڈ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹرک نمبر TAC-451 کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ٹرک میں چھپائی گئی 10 ہزار گرام (10 کلوگرام) ہیروئن برآمد ہوئی۔
کارروائی کے دوران ملزم نور محمد ولد قاری، ساکن افغانستان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔
دوسری کارروائی میں تھانہ ایکسائز نوشہرہ نے عجب باغ چیک پوسٹ کے قریب ایک فلائنگ کوچ نمبر C-4011 سوات کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران 7200 گرام (7.2 کلوگرام) چرس برآمد کرکے منشیات کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
برآمد شدہ منشیات کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایکسائز نوشہرہ میں مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔
