پشاور میں 18 کلو چرس اور ڈیڑھ کلو آئس برآمد، ایک ملزم گرفتار۔
چارسدہ میں 18 کلو چرس برآمد، دو ملزمان گرفتار، مقدمہ درج۔
پشاور(مہم نیوز)محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے پشاور اور چارسدہ میں دو الگ الگ بڑی کارروائیوں کے دوران منشیات کی سمگلنگ کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے مجموعی طور پر 36 کلوگرام چرس اور ڈیڑھ کلوگرام آئس برآمد کرلی، جبکہ تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن سکواڈ B-1 نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے ایچ گول چوک کے قریب گاڑی نمبر 2731 کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران 18 ہزار گرام (18 کلوگرام) چرس اور 1500 گرام (ڈیڑھ کلوگرام) آئس برآمد ہوئی۔
کارروائی کے دوران ملزم زبیر ولد جہانزیب ساکن پلوسئی پشاور کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے خلاف مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کردیا گیا۔
اسی طرح حال ہی میں قائم کیے گئے تھانہ ایکسائز نے خفیہ اطلاع پر پختہ سڑک، پڑانگ قبرستان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گاڑی نمبر BLC-382 کی تلاشی لی، جس سے 18 ہزار گرام (18 کلوگرام) چرس برآمد ہوئی۔
کارروائی کے دوران دو ملزمان جمال افتخار ولد جمال اور عدیل عبدالقیوم ولد عبدالقیوم، ساکنان اچھرہ بازار رام پورہ لاہور کو موقع پر گرفتار کرکے ان کے خلاف تھانہ ایکسائز چارسدہ میں مقدمہ درج کردیا گیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز سید فخر جہان کے ہدایات کے تحت صوبہ بھر میں محکمہ ایکسائز کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں تاکہ اس کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف موثر اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔
