پشاور(مہم نیوز)محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے پشاور شہر میں ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن پشاور نے خفیہ اطلاع پر سروس روڈ موٹروے بڈھنی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے موٹر کار نمبر BBS-266 کی تلاشی لی، جس کے دوران 24 ہزار گرام (24 کلوگرام) چرس برآمد کرلی گئی۔
برآمد شدہ منشیات قبضے میں لے کر مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت محکمہ ایکسائز کی صوبہ بھر میں کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کی خصوصی ہدایات پر منشیات فروشوں اور سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ معاشرے خصوصاً نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ بنایا جا سکے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق منشیات کی روک تھام اور سمگلنگ کے خاتمے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
