پشاور(مہم نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، جن کے تحت صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ نیابت پی کے 26 بونیر کے علاقے باجکٹہ کے مختلف مضافات میں مقامی عمائدین، مشران اور کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی عمل کے تحت دور دراز علاقوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ضلع بونیر میں زندگی کے مختلف شعبوں میں عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی پالیسیوں کی بنیاد شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی پر ہے اور انہی اصولوں کے تحت عوامی خدمت کے عمل کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی کے 26 بونیر کے دیگر علاقوں سمیت باجکٹہ میں بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ کسی بھی شعبے میں ترقیاتی عمل کی محرومی باقی نہ رہے۔
