ثمر ہارون بلور کی محکمہ اطلاعات کے لیے 90 روزہ ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت
گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے محکمہ اطلاعات کی کارکردگی بہتر بنانے، ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک فعال کرنے اور عوام کو بروقت و مستند معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے آئندہ 90 روز کا جامع ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پشاور:محکمہ اطلاعات کے حکام نے مشیر اطلاعات کو محکمے کی کارکردگی،جاری اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر ثمر ہارون بلور نے کہا کہ بحرانی صورتحال میں محکمہ اطلاعات کی کارکردگی قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کو ہنگامی بنیادوں پر فعال بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، جبکہ عوام تک بروقت اور مستند معلومات پہنچانے کے لیے اطلاع سیل کو مکمل طور پر فعال کیا جائے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کے فروغ اور پائیدار استحکام کے لیے محکمہ اطلاعات اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے صوبے کے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات تیز کرنے، محکمے میں شفافیت کو فروغ دینے اور عوامی سہولیات بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
بریفنگ میں سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر محمد بختیار، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات محمد انصار اللہ اور محکمہ اطلاعات کے دیگر حکام شریک تھے۔


