سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے برازیلی دفاعی وفد کی ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات۔
برازیل کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(ڈیلی مہم):برازیل کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے کی قیادت میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ، فضائی افواج کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور تربیت و پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق 13 اکتوبر 2026 کو ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک نے دفاعی شعبے میں اشتراک کے نئے امکانات تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی۔
اس دوران تربیت، پیشہ ورانہ استعداد سازی اور عملی تجربات کے تبادلے کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور زیر غور آئے۔
سربراہ پاک فضائیہ نے برازیلی وفد کو پاک فضائیہ کی جاری جدیدکاری اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے خلائی ٹیکنالوجی، سائبر، مصنوعی ذہانت اور الیکٹرانک وارفیئر سمیت روایتی و غیر روایتی جنگی صلاحیتوں پر مشتمل مربوط نظام کی تشکیل میں ہونے والی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بدلتے ہوئے تزویراتی اور سلامتی کے ماحول میں دفاعی برتری برقرار رکھنے کے لیے تکنیکی ترقی، خود انحصاری اور دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔
برازیلی ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے نے فضائی اور سلامتی کے شعبوں میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ تبادلوں اور ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس کے انسانی وسائل کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور فضائی دفاع کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق برازیلی دفاعی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور پیشہ ورانہ تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

