ذرائع کا دعویٰ، خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی کی تجویز زیر غور
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنرز اور سیکرٹریز سمیت انتظامی تبدیلیوں سے متعلق ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے
پشاور:خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ سے متعلق انتظامی تیاریاں مکمل کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں ممکنہ انتظامی تبدیلیوں اور افسران کی تعیناتیوں کے حوالے سے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز، سیکریٹریز اور دیگر انتظامی افسران کی تعیناتیوں سے متعلق فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں، جبکہ ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کی ممکنہ تعیناتیوں پر بھی کام مکمل ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبے کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
تاہم، ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کا حتمی فیصلہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی پیش رفت سے مشروط بتایا جا رہا ہے۔
مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں یہ اقدام نہ کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان باضابطہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے، تاہم پس پردہ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

