فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ ملائیشیا کے دوران دفاعی و عسکری تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ملائیشیا کا دورہ، دفاعی و عسکری تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پتراجایا میں ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون اور خطے و دنیا کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
ملائیشین وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات،باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا اور دفاع و سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید گہرے کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بعد ازاں ملائیشیا کی وزارت دفاع (MINDEF) کوالالمپور پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشین چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان اور ملائیشین آرمی، رائل ملائیشین نیوی اور رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہان بھی موجود تھے۔

ملائیشیا کے وزیر دفاع داتو سری محمد خالد بن نوردین سے ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے، عسکری روابط مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و عالمی سکیورٹی امور پر مسلسل مذاکرات کے ذریعے دوطرفہ دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر (PUSPAHANAS) کا بھی دورہ کریں گے، جہاں انہیں ادارے کے ممتاز ہال آف فیم میں 21ویں رکن کے طور پر شامل کرنے کی خصوصی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔


