مسز تاج آفریدی نے کہا کہ وہ سیاست میں نام بنانے کے بجائے محروم طبقات کی آواز بننے کے لیے آئی ہیں۔
سیاست میں نام بنانے نہیں، محروم طبقات کی آواز بننے آئی ہوں، مسز تاج آفریدی
شانگلہ:رہنما پاکستان پیپلز پارٹی مسز تاج آفریدی نے کہا ہے کہ وہ سیاست میں نام بنانے کے لیے نہیں بلکہ ان لوگوں کی آواز بننے آئی ہیں جن کی آواز آج تک اقتدار کے ایوانوں تک نہیں پہنچ سکی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ سیاست عوام پر حکمرانی کا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کا نام ہے۔ ان کے نزدیک کسی انسان کی اہمیت اس کے عہدے، دولت یا اثر و رسوخ سے نہیں بلکہ اس کی انسانیت اور کردار سے ہے۔
مسز تاج آفریدی نے کہا کہ ان کے دروازے ہر عام شہری، کارکن، ماں، بہن، بیٹی اور مظلوم انسان کے لیے کھلے ہیں۔ ان کی ترجیحات میں پسماندہ علاقوں کے بچوں کے لیے تعلیم، مریضوں کے لیے علاج، نوجوانوں کے لیے روزگار اور خواتین کے لیے عزت، تحفظ اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شانگلہ، مارتونگ اور دیگر محروم علاقوں کے عوام کے بنیادی مسائل ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ترقی صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ پہاڑوں میں آباد آخری گھر تک بھی ریاستی سہولیات پہنچنی چاہئیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں ان کی شمولیت عوامی خدمت، جمہوری جدوجہد اور خواتین کی مؤثر نمائندگی کے جذبے کے تحت ہے۔ وہ پارٹی قیادت اور کارکنوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل متعلقہ فورمز پر اٹھاتی رہیں گی۔
مسز تاج آفریدی نے کہا کہ انہیں پروٹوکول سے زیادہ عوام کا اعتماد، عہدے سے زیادہ خدمت اور نعروں سے زیادہ عملی کام عزیز ہے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ کسی غریب کی آواز دبنے نہ پائے اور کسی مظلوم کو یہ احساس نہ ہو کہ وہ تنہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی محبت اور اعتماد ہی ان کی اصل طاقت ہے۔

