ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی ازبکستان کی اعلیٰ دفاعی و فضائی قیادت سے ملاقاتیں
سربراہ پاک فضائیہ کی ازبکستان کی اعلیٰ دفاعی و فضائی قیادت سے اہم ملاقاتیں
اسلام آباد(مہم نیوز):سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دورۂ ازبکستان کے دوران وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل بوتر قدرت خوجایف بہرومووچ اور نائب وزیر دفاع و کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس میجر جنرل برخانوف احمد جومولووچ سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ دفاعی تعلقات، عسکری تعاون اور مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ازبکستان کے وزیر دفاع سے ملاقات میں علاقائی سلامتی، موجودہ دفاعی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کے امکانات زیرِ بحث آئے۔
ایئر چیف نے پاکستان اور ازبکستان کے گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی روابط کا استحکام خطے میں امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ازبک وزیر دفاع نے پیشہ ورانہ روابط اور باہمی تجربات سے استفادے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی استعداد کو سراہتے ہوئے ازبک فضائیہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پاک فضائیہ کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
بعد ازاں نائب وزیر دفاع و کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس سے ملاقات میں دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر مشترکہ فوجی مشقوں، تبادلہ پروگرامز، پائلٹس اور تکنیکی عملے کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں جانب سے آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ایئر چیف کا دورۂ ازبکستان پاکستان اور ازبکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دفاعی و ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔ یہ روابط خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

