میر علی اور اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران 43 خوارج ہلاک بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 43 خوارج ہلاک
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے اور خوارج کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، جن کا دائرہ میر علی اور اورکزئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔
گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد میر علی میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کے 35 خوارج جبکہ اورکزئی میں 8 خوارج ہلاک کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران کلیئرنس کے عمل میں بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، جن میں دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی شامل ہیں۔
برآمد شدہ مواد کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کرنے کی خوارج کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
علاقوں میں موجود خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

