مُشاق طیارہ حادثے میں شہید میجر حسنین شہزاد اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
مُشاق طیارہ حادثہ:شہید میجر حسنین شہزاد اور کیپٹن عبدالصمد کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اکتوبر کو کوئٹہ کے قریب نواں کلی میں مشاق تربیتی طیارے کے افسوسناک حادثے میں شہید ہونے والے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نمازِ جنازہ آج چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات و نشریات،کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہداء کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم دونوں بہادر افسران کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
شہداء کی جرأت، فرض شناسی اور وطن سے غیرمتزلزل وابستگی قوم کے لیے باعثِ فخر رہے گی۔
دونوں شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

