پاکستان کا فتح 4 کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ
راولپنڈی(مہم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل فتح 4 کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
فتح 4 کا توسیعی ورژن جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشنل نظام سے لیس ہے، جو طویل فاصلے تک اہداف کو اعلیٰ درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں سے متعلق اضافی تکنیکی پیمانوں کی بھی کامیابی سے جانچ کی گئی، جس سے درستگی اور بقا کی صلاحیت میں بہتری کی تصدیق ہوئی۔
تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور متعلقہ ادارے کے انجینئرز نے کیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے فتح 4 کے توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے پر متعلقہ حکام، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دیتے ہوئے اس اہم پیش رفت میں کردار ادا کرنے والوں کی تکنیکی صلاحیت، محنت اور عزم کو سراہا۔

