بی آر ٹی پنک بس سروس کے اغاز کے بعد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی سفری ٹرپ میں شرکت
پشاور:بی آر ٹی پشاور کی پنک بس سروس کے اغاز کے بعد صوبائی حکومت کے اس عوام دوست فلاحی پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کی ٹرپ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی اور خواتین کے لیے مخصوص سفری سہولت کو خوش آئند قرار دیا۔
افتتاحی ٹرپ میں سینیٹر روبینہ ناز، صوبائی محتسب رباب مہدی، خیبر پختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (KPCSW) کی سیکریٹری شازیہ عطا، سابق رکن صوبائی اسمبلی رابعہ بصری، فرنٹیئر کالج فار ویمن کی پرنسپل ڈاکٹر شاہین عمر سمیت وکلاء، طالبات، سماجی کارکنان اور ڈاکٹرز نے شرکت کی۔
شرکاء نے پنک بس سروس کو خواتین کے لیے محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولت قرار دیتے ہوئے اس اقدام کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے مخصوص بس سروس سے روزمرہ آمدورفت میں سہولت پیدا ہوگی اور انہیں شہر میں تعلیم، روزگار، صحت اور دیگر پیشہ ورانہ و سماجی سرگرمیوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔
خواتین شرکاء نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کے لیے محفوظ اور باوقار سفری ماحول کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ پنک بس سروس اس سلسلے میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔
ان کے مطابق ایسی سہولیات خواتین کے اعتماد میں اضافے کے ساتھ انہیں معاشرتی اور معاشی سرگرمیوں میں زیادہ مؤثر انداز میں حصہ لینے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔
پشاور شہر میں خیبرپختونخوا حکومت کے شروع کردہ پنک بس سروس کا مقصد خواتین کو محفوظ، بااعتماد اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ شہر کے مختلف علاقوں تک آسانی سے سفر کرسکیں۔

