ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس (ETO-VI) پشاور کی ماہ ستمبر میں ریکارڈ ریکوری، ہدف سے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے زائد ریکوری۔
پشاور:ستمبر 2026 میں 5 کروڑ روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 6 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکوری۔
ڈائریکٹر ایکسائز پشاور ریجن نے ای ٹی او VI پشاور اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیس (VI) پشاور کی پہلی سہ ماہی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ستمبر 2026 کے دوران پراپرٹی ٹیکس کی مد میں مقررہ ہدف سے نمایاں زائد ریکوری پر ای ٹی او (VI) اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
اجلاس کے دوران متعلقہ ای ٹی او نے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ستمبر 2026 کے لیے 5 کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم دفتر نے 6 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکارڈ ریکوری حاصل کی، جو مقررہ ہدف سے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے زائد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہری غیر منقولہ جائیداد ٹیکس (یو آئی پی ٹی) کی مد میں حاصل ہونے والی یہ ریکوری مقررہ ہدف کا تقریباً 134 فیصد بنتی ہے جو ٹیکس وصولی کے لیے جاری اقدامات اور ٹیم کی مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پشاور ریجن سید الامین نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیس VI کی ریکوری کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے افسران و اہلکاروں کی محنت اور مؤثر حکمتِ عملی کی تعریف کرتے ہوئے ٹیکس وصولی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور مقررہ اہداف سے بڑھ کر کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھنے پر زور دیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پراپرٹی ٹیکس سمیت دیگر سرکاری محصولات کی وصولی کے لیے جاری اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دیتے ہوئے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔

