خیبرپختونخوا کابینہ نے پولیس کو مزید جوابدہ، مؤثر اور پیشہ ورانہ بنانے کے لیے خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2026 کی منظوری دے دی۔
پشاور(مہم نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کے مطابق مجوزہ قانون کے تحت تفتیشی نظام کو مضبوط بنانے، پولیس افسران کی پیشہ ورانہ ترقی بہتر بنانے اور پولیس کے پالیسی و آپریشنل امور کو الگ کرنے کے لیے اہم اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ قانون کی منظوری کے بعد صوبے میں ریجنل انویسٹی گیشن افسران تعینات کیے جائیں گے جبکہ ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کی تعیناتی و تبادلوں کے نظام میں بھی جوابدہی لائی جائے گی۔
پولیس افسران کی ترقی، فاسٹ ٹریک پروموشن اور براہ راست بھرتی کے کوٹے کو بھی ازسرنو متوازن کیا جائے گا۔
کابینہ نے پولیس پالیسی بورڈ اور پولیس آپریشنز بورڈ کے قیام کی بھی منظوری دی۔ پولیس پالیسی بورڈ کی سربراہی وزیراعلیٰ جبکہ پولیس آپریشنز بورڈ کی سربراہی آئی جی خیبرپختونخوا کریں گے۔
نئے قانون کے تحت ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلز کے لیے بھی واضح طریقہ کار وضع کیا جائے گا اور موجودہ کونسلز تحلیل کرکے ازسرنو تشکیل دی جائیں گی۔
کابینہ نے خیبرپختونخوا اسٹیمپ (ترمیمی) بل 2026 کی منظوری بھی دی، جبکہ پشاور واٹر سپلائی اسکیم کے ان ٹیک اسٹرکچر اور ٹنل کی نظرثانی شدہ لاگت کی منظوری دی گئی۔
ضلع چترال میں اسپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر کے لیے اراضی کے حصول کی مد میں بقیہ رقم جاری کرنے اور ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کی، جس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریز اور آئی جی خیبرپختونخوا نے شرکت کی۔
