کوئٹہ(مہم نیوز)سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کنک وادی میں سیکیورٹی چوکی پر حملے کی کوشش کی، جس پر فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا گیا اور مزید 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 موٹرسائیکلوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان بھی زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
