راولپنڈی(مہم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر (JMICC) کے تعاون سے بلوچستان کے علاقے پیشوکان میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ اشیا کی بڑی مقدار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
قابلِ اعتماد انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی مشترکہ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں شراب اور غیر قانونی ادویات برآمد کرلی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد ہونے والی ممنوعہ اشیا مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کردی گئی ہیں۔
کامیاب مشترکہ کارروائی بین الادارہ جاتی تعاون کے ذریعے اسمگلنگ کی روک تھام میں مؤثر رابطہ کاری کی عکاس ہے، جبکہ پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے پاکستانی سمندری حدود اور سرزمین کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔
