راولپنڈی(مہم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشق دروژبا-IX اور پاکستان و عمان کے درمیان مشترکہ مشق وشق الجبل-II (ماؤنٹین لنکس-II) کا آغاز ہوگیا۔

دروژبا-IX کی نویں جبکہ وشق الجبل-II کی دوسری مشق کا آغاز بالترتیب چراٹ اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (NCTC) پبی میں ہوا۔
دو ہفتے جاری رہنے والی ان مشقوں میں پاک فوج کے دستے، روسی فوج اور رائل آرمی آف عمان کے دستے شریک ہیں۔ مشقوں کا مقصد آپریشنل تجربات کا تبادلہ، انسدادِ دہشت گردی کی مشقوں اور طریقۂ کار کو مزید بہتر بنانا اور باہمی آپریشنل ہم آہنگی میں اضافہ کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ تربیت اور بہترین عملی تجربات کے تبادلے کے ذریعے شریک افواج اپنی جنگی مہارتوں اور حربی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گی، جبکہ مشقوں سے پاکستان، روس اور عمان کے درمیان دفاعی تعاون کو بھی مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

