پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے آج پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
پشاور(مہم نیوز)آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خیبرپختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج دہشت گردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
پشاور کور پہنچنے پر کمانڈر پشاور کور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔

